ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ 4 نومبر سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوگا جو کئی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھا دے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران شمالی علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ مری، گلیات، سوات، ناران، کاغان اور آزاد کشمیر کے بلند مقامات پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سلسلہ سردی کی پہلی بڑی لہر ثابت ہوگا جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔