وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی عظمت کو بحال کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچپن میں ایک ترقی یافتہ، روشن اور پرامن کراچی دیکھ چکے ہیں اور امید ہے کہ یہ شہر دوبارہ اپنی چمک حاصل کرے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ وہ عائشہ باوانی اسکول میں پہلی سے چوتھی جماعت تک تعلیم حاصل کرتے رہے اور باوانی فیملی نے تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے طالبعلم مستقبل کے رہنما ہیں کل کو کوئی بھی انہی میں سے ملک کا وزیر بن سکتا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان پیچھے ہے جبکہ ہمارے تعلیمی ادارے محض روزگار کے لیے نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی ترقی لیبارٹریوں میں ہونے والی نئی ایجادات سے ممکن ہوئی ہے ہمیں بھی سائنسی تحقیق اور اختراعات پر توجہ دینی چاہیے تاکہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔