بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

image

سندھ اسمبلی نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ متنازع بیان کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی ہے۔ قرارداد صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے پیش کی جبکہ دیگر ارکان اور اپوزیشن کے رہنماؤں نے بھی اس کی حمایت کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیانات گمراہ کن اور خطے میں حالات خراب کرنے والے ہیں۔ اس میں واضح کیا گیا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے بیانات قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ بھارتی جارحیت اور بیانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا کہ سندھو کا پانی پینے والا غدار نہیں ہو سکتا سندھ پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دریاؤں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہےجو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ناقابلِ برداشت ہے

اجلاس میں بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر تمام جماعتوں نے شدید ردِعمل ظاہر کیا وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ سندھ کی تہذیب چھ ہزار سال پرانی ہے اور ہندو مذہب کی بنیادی جڑیں بھی سندھ دھرتی سے وابستہ ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ کبھی بھی کسی بیرونی بیانیے کے تابع نہیں ہو سکتا۔

وزیر محنت و ترقی سعید غنی نے کہا کہ بھارت معیشت کے حجم پر ضرور گھمنڈ کرتا ہےلیکن جنگی میدان میں پاکستان کا مقابلہ کرنا اس کے بس میں نہیں۔قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی ملکی وقار کا دفاع کیا جائے گا۔

صوبائی وزراء اور اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ اور دیگر تاریخی علاقوں پر دعوے بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں اور کہا کہ سندھ اسمبلی بھارتی بیانات کے خلاف متحد ہے۔اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US