پاکستان کی ڈیجیٹل اصلاحات اور فِن ٹیک سرمایہ کاری پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بریفنگ

image

حکومتِ پاکستان کے مشیرِ خزانہ خرم شہزاد نے مشرقِ وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے عالمی فِن ٹیک سرمایہ کاروں کے وفد کو پاکستان کی معاشی اصلاحات، ڈیجیٹل ترقی اور سرمایہ کاری کے بڑھتے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔

فِن ٹیک سلوشنز ہولڈنگ کے چیئرمین ڈاکٹر جان سفاکیاناکس اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیرل اسملِن کی قیادت میں وفد کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی۔ دورے کی سہولت ٹیک ایونیو (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے فراہم کی، جس کی نمائندگی سی ای او عبیدالحق اور بورڈ کے مشیر خرم راحت نے کی۔

مشیرِ خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام، مالیاتی اصلاحات اور عالمی اعتماد میں بہتری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مستقل پالیسی نفاذ اور ساختی اصلاحات سے میکرو اکنامک بنیادیں مضبوط ہوئی ہیں اور سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا ہے۔

ملاقات میں ڈیجیٹل پاکستان وژن پر خصوصی توجہ دی گئی، جس کے تحت کیش لیس/ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے تین ستون—ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت و فروغ، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن—نمایاں ہیں۔ اس ضمن میں راست (Raast) نظام کو حقیقی وقت میں کم لاگت اور باہم مربوط ڈیجیٹل ادائیگیوں کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔

مالیاتی شعبے کی جدیدکاری پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریٹیل ڈیجیٹل بینکنگ فریم ورک کے تحت ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک ایک سال سے فعال ہے جبکہ مشریق ڈیجیٹل بینک نے بھی پاکستان میں آپریشنز شروع کر دیے ہیں۔ مزید ڈیجیٹل بینکس بھی لانچ کے مراحل میں ہیں۔

مشیرِ خزانہ نے بلاک چین، ویب 3.0 اور ورچوئل اثاثہ جات سے متعلق ذمہ دارانہ ریگولیٹری فریم ورک اور عالمی پلیٹ فارمز سے تعاون پر جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے حکومتی اصلاحات اور واضح پالیسی سمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ابھرتی ٹیکنالوجیز طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر فریقین نے رابطہ برقرار رکھنے اور آئندہ تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US