گاڑی کباڑ بنا دیتے ہو تو شہری واپس کیوں لے؟ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

image

پشاور ہائی کورٹ میں شہری کی درخواست پر سپرداری گاڑیوں سے متعلق سماعت ہوئی، اس دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے پولیس اور اے جی آفس سے رپورٹ طلب کرلی۔

درخواست پر سماعت چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی، دوران سماعت اے اے جی نے عدالت کو بتایا کہ گاڑی شہری کو واپس دے رہے ہیں، شہری واپس نہیں لے رہا۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک کروڑ کی گاڑی کو جب کباڑ بنا دیتے ہو تو شہری واپس کیوں لے؟ آئی جی پی جیب سے پیسے لگائیں لیکن گاڑی پہلے جیسی کردیں۔

سپرداری گاڑیوں سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ تھانوں کے باہر سپرداری کی درجنوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، وہ جب پکڑتے ہیں تو نئی ہوتی ہیں، بعد میں گاڑیوں میں کچھ نہیں رہتا، اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ جمع کریں، کہ شہری گاڑی لینے سے کیوں انکاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US