راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان نے شوکت خانم کینسر اسپتال کے بینک اکاؤنٹ کو ایمرجنسی بنیادوں پر ڈی فریز کرنے کی درخواست دائر کردی۔
علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ شوکت خانم کی دوائیاں پورٹ پر پڑی ہیں اور عدم ادائیگی کے باعث سینکڑوں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ وکیل کے مطابق پورٹ پر پڑی دوائیوں میں زیادہ تر لائف سیونگ ڈرگس شامل ہیں۔
وکیل فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ اکاؤنٹ بلاک ہونے سے اسپتال کی انتظامیہ شدید پریشانی کا سامنا کر رہی ہے اور شوکت خانم اسپتال کو روزانہ دوائیوں کی مد میں ادائیگیاں کرنی پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان عدالت کے سامنے سرنڈر کرچکی ہیں اس لیے بینک اکاؤنٹ بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ اگر دوائیوں کی بروقت ترسیل نہ ہونے کے باعث کوئی مریض انتقال کر گیا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔
عدالت نے علیمہ خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی اور پراسیکیوشن کو کل نوٹس جاری کردیا۔ درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کل کریں گے۔