تارکین وطن کی اسمگلنگ کے سدِباب کے لیے بین الاقوامی سطح کی اہم کانفرنس

image

پاکستان میں تارکین وطن کی اسمگلنگ کے سدِباب کے لیے بین الاقوامی سطح کی اہم کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس وزارتِ داخلہ نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (UNODC) اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) کے اشتراک سے منعقد کی، جس میں 30 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسے پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی اسمگلنگ ایک عالمی چیلنج ہے جس کا حل صرف مشترکہ کوششوں، مربوط حکمت عملی اور معلومات کے موثر تبادلے سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں محفوظ، باقاعدہ اور قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے ہمیشہ پرعزم رہا ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون ناگزیر ہے۔

بین الاقوامی شراکت داروں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ کانفرنس کے دوران انسانی اسمگلنگ کے خلاف موثر عالمی اقدامات اور بہترین تجربات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

کانفرنس سے قبل طلال چوہدری نے UNODC کے علاقائی نمائندہ برائے افغانستان، وسطی ایشیا، ایران اور پاکستان ڈاکٹر اولیور اسٹولپ سے ملاقات بھی کی، جس میں باہمی تعاون اور خطے میں ہجرت سے متعلق چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US