سندھ اسمبلی کا پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر خراجِ تحسین

image

سندھ اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک اہم اور تاریخی قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کرلی جس میں پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی قومی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے عوام، جمہوریت اور آئین کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو ون مین ون ووٹ کے ذریعے طاقت کا سرچشمہ قرار دیا۔1970ء کے انتخابات کے ذریعے غریب اور مڈل کلاس کو سیاسی طاقت ملی۔روٹی، کپڑا اور مکان کے منشور کے تحت عوام کو روزگار ملا۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو نے ڈکٹیٹرشپ کا مقابلہ کیا اور 1973ء کا متفقہ آئین دیا۔امداد پتافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں۔25 سال ملک آئین کے بغیر رہا، شہید بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین دیا۔

ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جس کے بعد اجلاس پیر کی دوپہر تک ملتوی کر دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US