این ایف سی تنازع اب طلبہ کے سامنے۔۔۔وفاق اور صوبے کی مالی لڑائی کی حقیقتیں کھلیں گی

image

خیبر پختونخوا حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے معاملے پر وفاق کے ساتھ جاری مالی تنازع کو نوجوانوں تک پہنچانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج سے صوبے کی تمام جامعات اور کالجز میں خصوصی آگاہی سیشنز شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کی طلبہ تنظیم کو ٹاسک سونپ دیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں این ایف سی ایوارڈ، صوبے کے مالی حصے، اور وفاق کی جانب سے مبینہ عدم ادائیگیوں سے متعلق آگاہی پروگرام منعقد کرے۔ ان سیشنز میں قبائلی اضلاع کے لیے مختص فنڈز، کم شیئر اور وفاق-صوبہ مالی کھینچا تانی پر خصوصی بحث بھی شامل ہوگی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں قبائلی اضلاع کے لیے این ایف سی کے تحت 1300 ارب روپے سے زائد رقم ادا نہیں کی، جس کے باعث صوبے میں ترقیاتی منصوبے شدید متاثر ہورہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام، خصوصاً نوجوان نسل کو این ایف سی تنازع کے حقائق بتانا ضروری ہے تاکہ صوبے کے مالی حقوق کے بارے میں مؤثر آواز اٹھائی جاسکے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام سے وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان جاری مالی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US