وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خراب صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کا پیغام ارسال کیا ہے۔
80 سالہ بیگم خالدہ ضیا طویل عرصے سے دل کے امراض، ذیابیطس، گٹھیا، جگر کی خرابی اور گردوں کے مسائل میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ اتوار انہیں سانس کی شدید تکلیف کے باعث فوری طور پر ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کورونری کیئر یونٹ میں زیر علاج ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے، تاہم صحت اب بھی نازک ہے اور گردوں کے مسائل کے باعث انہیں مسلسل ڈائیلاسز کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بیگم خالدہ ضیا کی بنگلادیش کی ترقی میں خدمات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ان کے لیے گلدستہ بھی بھیجا تھا۔
بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنماؤں اور خاندان کے مطابق خالدہ ضیا کا علاج جاری ہے، اور بیرون ملک علاج کے بارے میں فیصلہ میڈیکل ٹیم کی سفارش کے بعد کیا جائے گا۔