فیلڈ مارشل سے مصری وزیرِ خارجہ کی ملاقات، دفاعی و اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان دفاعی تعلقات، ملٹری ٹو ملٹری تعاون، تربیتی شراکت داری اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک شعبوں میں قریبی تعاون کو نئی سطح تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مصری وزیرِ خارجہ نے مصر کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے بدلتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے تناظر میں اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک نے بھائی چارے، شراکت داری اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US