وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے باقاعدہ ہفتہ وار اجلاس ہر جمعہ کے روز منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے باضابطہ مراسلہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس ایک طے شدہ شیڈول کے تحت ہوں گے تاکہ تمام محکمے اپنی سمریاں بروقت، مکمل اور مؤثر انداز میں پیش کر سکیں۔ حکومتی حکام کے مطابق اس اقدام سے اہم انتظامی، قانونی اور پالیسی نوعیت کے فیصلوں میں تاخیر ختم ہو گی اور حکومتی کام کی رفتار میں بہتری آئے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ باقاعدہ اجلاسوں کے انعقاد سے محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا جبکہ مختلف شعبوں سے وابستہ محکموں کے باہمی امور کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہو سکے گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد میں موجود خلا کو ختم کرنا بھی اس اقدام کا ایک اہم مقصد ہے۔