چین میں ایک شخص کے معدے سے تین دہائی پرانا پلاسٹک لائٹر نکال لیا گیا جو 1990 کی دہائی کے اوائل میں شراب کے نشے میں نگل لیا گیا تھا۔ ایمرجنسی گیسٹرو اسکوپی کے دوران ڈاکٹروں نے معدے میں ایک مکعب نما شے دیکھی جس کی ساخت معدے کے تیزاب سے بگڑ چکی تھی لیکن اس کی ہموار اور چکنی سطح کی وجہ سے اسے فوراً نکالنا ممکن نہیں تھا۔
طبی ٹیم نے شے کو نکالنے کے عمل کو مؤخر کر دیا تاکہ اس کی تفصیلات اور خطرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ جب مریض سے پوچھا گیا کہ اسے کیا اندازہ ہے کہ یہ کیا ہو سکتا ہے تو اسے 1990 کی دہائی کا واقعہ یاد آیا جب اس نے دوستوں کے ساتھ شرط لگاتے ہوئے لائٹر نگل لیا تھا۔ مریض نے اپنے خاندان کو کبھی اس بارے میں نہیں بتایا اور اسے یقین تھا کہ یہ لائٹر کافی عرصہ قبل جسم سے نکل چکا ہے۔
ماضی میں متعدد بار بغیر کسی واضح وجہ کے پیٹ درد ہونے کے بعد بھی مریض کو اس کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ مسئلہ تین دہائی پرانا لائٹر ہے۔
لائٹر کی تصدیق ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے احتیاط سے اسے معدے سے باہر نکالا۔ حیران کن بات یہ تھی کہ لائٹر میں گیس ابھی بھی موجود تھی حالانکہ اس کی بیرونی سطح معدے کے تیزاب سے خراب ہو چکی تھی۔