نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے "سینئر" ڈاکٹرز سے درخواستیں طلب

image

پنجاب حکومت نے نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے 45 سے 70 برس تک عمر کے ڈاکٹروں سے درخواستیں طلب کرلیں، جو سرکاری شعبے میں ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب بیوروکریسی نے منظورِ نظر اور مخصوص سینئر ڈاکٹروں کو نوازنے کے لیے عمر کی حد 70 برس تک بڑھا دی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سرکاری اسپتال میں 70 سال تک کی عمر کے ڈاکٹروں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اشتہار کے مطابق جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، پیڈیاٹرک اور انکالوجی کے شعبوں میں سینئر کنسلٹنٹس بھرتی کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکالوجی، ریڈی ایشن انکالوجی اور ریڈیالوجی کے شعبوں میں بھی 70 برس تک کے سینئر کنسلٹنٹس کو تعینات کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس پر محکمہ صحت کے اندر اور باہر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق عمر کی اس حد میں توسیع نوجوان اور اہل ڈاکٹروں کے مواقع محدود کرنے کے مترادف ہے، جبکہ حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ کینسر جیسے حساس مرض کے علاج کے لیے انتہائی تجربہ کار ڈاکٹروں کی خدمات ناگزیر ہیں۔

اس فیصلے کو پنجاب بیوروکریسی کا انوکھا کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ سرکاری بھرتیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US