جماعت اسلامی نے کراچی میں بڑھتی ٹریفک اموات، خونی ڈمپر و ٹینکر مافیا، ای چالان کے نام پر مبینہ لوٹ مار، حکومتی بے حسی اور تباہ حال انفراسٹرکچر کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنوں کا اعلان کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری توفیق الدین صدیقی کے مطابق احتجاجی دھرنوں کا آغاز کل 19 دسمبر کو شام 4 بجے ہوگا جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چورنگیوں پر بیک وقت دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن حکومت اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
توفیق الدین صدیقی نے بتایا کہ دھرنے اسٹارگیٹ شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، نورانی کباب ہاؤس چورنگی، تبت سینٹر، یونیورسٹی روڈ موسمیات، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، ڈالمن مال حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد 10 نمبر، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن نمبر 5 پر دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان سمیت نائب امراء، ضلعی اور مقامی رہنما احتجاجی دھرنوں سے خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کر کے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 21 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے مطابق یہ احتجاج عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل تک جاری رہے گا۔