شہر قائد میں علم و ادب کے فروغ کا بڑا میلہ سج گیا، جہاں کراچی ورلڈ بک فیئر کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والے پانچ روزہ عالمی کتب میلے کا افتتاح صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں صدر آرٹس کونسل پاکستان محمد احمد شاہ، چیئرمین پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کامران نورانی، نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر کامران جہانگیر اور کنوینر کراچی عالمی کتب میلہ وقار متین خان سمیت علم و ادب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
کنوینر وقار متین خان نے بتایا کہ کراچی ورلڈ بک فیئر 22 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں 140 معروف پبلشرز اور 17 ممالک کے 40 غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر کے تین ہالز میں مجموعی طور پر 329 کتب اسٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں قارئین کو کتابوں کی وسیع رینج دستیاب ہوگی۔
نمائش میں فکشن، سائنسی و تحقیقی ادب، اسلامی نظریات، بچوں کا ادب اور دیگر متنوع و جدید موضوعات پر مبنی کتابیں رکھی گئی ہیں جو شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنیں گی۔
صدر آرٹس کونسل پاکستان احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتب میلے میں ہزاروں بچوں کی موجودگی روشن مستقبل کی نوید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کتاب واقعی تہذیب کی کنجی ہے اور ایسے میلوں سے مطالعے کا ذوق فروغ پاتا ہے۔