اسلام آباد سے کراچی جانے والی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی پرواز موسمی حالات کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث اسلام آباد آنے والی ایئر بلیو کی دو پروازیں متبادل طور پر پشاور اور لاہور میں لینڈ کرائی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں لینڈ کرنے والی پرواز اب دوبارہ ٹیک آف کر چکی ہے اور یہ پرواز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ تک اسلام آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہوجائے گی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پروازوں میں تاخیر کی بنیادی وجہ خراب موسمی حالات اور گہری دھند ہے۔ مسافروں اور طیارے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران کسی قسم کا رسک نہیں لیا جاتا۔
مزید کہا گیا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جاتا ہے۔