پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اہم قانونی ترامیم کی منظوری دے دی

image

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے فوجداری نظامِ انصاف کو مؤثر اور تیز تر بنانے کے لیے دو اہم قانون سازی ترامیم کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد بری ملزمان کے خلاف اپیل کے عمل کو تیز کرنا اور ریٹائرڈ سرکاری افسران کے خلاف احتسابی کارروائیوں کو مؤثر بنانا ہے۔

قائمہ کمیٹی سے منظور ہونے والے یہ بل گورنر پنجاب کو ارسال کیے جائیں گے، جن کی منظوری کے بعد یہ فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔

کریمنل کوڈ (پنجاب ترمیمی) بل 2025 کی منظوری

پنجاب اسمبلی نے کریمنل کوڈ (پنجاب ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت فوجداری ضابطہ 1898 کی دفعہ 417 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی منظوری کا اختیار صوبائی حکومت سے لے کر سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

نئے قانون کے تحت سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن براہِ راست پبلک پراسیکیوٹر کو بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت دے سکیں گے، جس سے طویل سرکاری منظوری کے عمل کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ماضی میں بیوروکریٹک تاخیر کے باعث اکثر اپیلیں قانونی مدت کے اندر دائر نہیں ہو پاتی تھیں۔

بل کے اغراض و مقاصد کے مطابق اس ترمیم کا مقصد اپیل کے عمل کو تیز، مؤثر اور غیر ضروری انتظامی رکاوٹوں سے پاک بنانا ہے۔

پیڈا ایکٹ ترمیمی بل 2025 بھی منظور

قائمہ کمیٹی نے پنجاب ایمپلائز ایفیشینسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (پیڈا) ایکٹ ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کے ذریعے ریٹائرڈ سرکاری افسران کے خلاف احتسابی کارروائیوں میں موجود ایک اہم قانونی خلا کو دور کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کسی افسر کی ریٹائرمنٹ کے دو سال بعد اگر انکوائری مکمل نہ ہوتی تو احتسابی کارروائی خود بخود ختم ہو جاتی تھی۔ نئی ترمیم کے تحت مجاز اتھارٹی تحریری وجوہات کے ساتھ انکوائری کی مدت میں توسیع کر سکے گی، چاہے وہ مخصوص مدت کے لیے ہو یا ضرورت کے مطابق۔

حکام کے مطابق اس ترمیم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ احتسابی عمل تکنیکی خامیوں یا عدالتی فیصلوں کے باعث قبل از وقت ختم نہ ہو اور بدعنوانی کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US