قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی افسر گرفتار، اسپیکر کے جعلی دستخط والا تقرر نامہ برآمد

image

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے خود کو گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرنے والے مبینہ جعلساز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق گھوٹکی کا رہائشی عبدالواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا ملازم ظاہر کرتا تھا اور اس کے قبضے سے اسپیکر کے جعلی دستخطوں پر مشتمل تقرر نامہ بھی برآمد ہوا۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ عبدالواجد جعلی سرکاری حیثیت کے ذریعے غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کرتا رہا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپیکر کی ہدایت پر فوری کارروائی کی گئی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ عبدالواجد کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔

ترجمان نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کرنا سنگین جرم ہے، لہٰذا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے منسوب کسی بھی دستاویز کی تصدیق ضرور کی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US