وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق منصوبے کا مقصد ریاستی مہمانوں اور غیر ملکی وفود کے لیے عالمی معیار کی پروٹوکول اور مہمان نوازی کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے دوران وفاقی وزیر دفاع نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور شجرکاری بھی کی۔ اس موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل شاہد افضال اور وزارت دفاع و پی اے اے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 2027 کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاستی پروٹوکول اور مہمان نوازی کے انتظامات مزید بہتر ہوں گے جبکہ غیر ملکی سربراہانِ مملکت اور اعلیٰ سطح کے وفود کو جدید اور معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملک کے ہوائی اڈوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مسافروں و ریاستی مہمانوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔