حکومت بلوچستان نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبا کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم بلوچستان نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق جسمانی سزا دینے والے اساتذہ اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسی بھی صورت میں طلبا پر تشدد یا جسمانی سزا برداشت نہیں کی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کے واقعات رپورٹ ہوئے، جو بچوں کے بنیادی حقوق اور مثبت تعلیمی ماحول کے منافی ہیں۔ اسی لیے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبا کے لیے محفوظ، باعزت اور دوستانہ تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبا کے حقوق کا تحفظ، ان کی ذہنی و جسمانی صحت کا خیال رکھنا اور تعلیمی اداروں میں مثبت اور اصلاحی تربیتی نظام کو فروغ دینا ہے۔