بختاور بھٹو نے والدہ بے نظیر بھٹو سے آخری ملاقات کی یادیں شیئر کر دیں

image

سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے والدہ سے آخری ملاقات کی یادیں بیان کرتے ہوئے جذباتی گفتگو کی، جبکہ آصفہ بھٹو زرداری بھی اس موقع پر آبدیدہ ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک انٹرویو میں بختاور بھٹو نے بتایا کہ ان کی سالگرہ قریب تھی اور والدہ سے ان کی آخری ملاقات، ان کی روانگی سے ایک رات قبل ہوئی تھی۔ بختاور کے مطابق بے نظیر بھٹو نے انہیں پیشگی سالگرہ کی مبارکباد دی، لیکن انہوں نے کہا کہ ابھی نہیں، جنوری میں مبارکباد دیجیے۔ اس پر بے نظیر بھٹو نے جواب دیا میں ابھی ہی مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔

بختاور نے بتایا کہ والدہ کی شہادت کے بعد انہیں ان کی دراز سے ایک ہار ملا جس کے ساتھ ہیپی 18ویں سالگرہ کا پیغام موجود تھا۔ ان کے مطابق اس لمحے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ان کی والدہ کو آنے والے حالات کا اندازہ تھا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے بھی انٹرویو میں بتایا کہ بے نظیر بھٹو بار بار انہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہی تھیں۔ جب انہوں نے پوچھا کہ ابھی کیوں مبارکباد دے رہی ہیں تو والدہ نے ان سے سالگرہ کا تحفہ پوچھا۔ آصفہ کے مطابق انہوں نے جواب دیا میں چاہتی ہوں کہ آپ واپس آ جائیں۔ جس پر بے نظیر بھٹو نے کہا میں پوری کوشش کروں گی۔

بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کی یہ جذباتی گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جہاں صارفین شہید بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی صاحبزادیوں سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US