نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی مرکزی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ، چنار باغ میں منعقد ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت، منتخب عوامی نمائندے، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری گلگت میں یادگارِ شہداء پر بھی حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
دوسری جانب تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مہمانوں و شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی نافذ کیا گیا ہے۔