وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے حلف اٹھا لیا، تقریب سے خطاب

image

نومنتخب وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے، تقریبِ حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریبِ حلف سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 7 جون کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، اور ان الیکشنز میں خواتین اور نوجوانوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے 100 فیصد نتائج دینے والے حلقوں کے عوام اور امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی پر بھاری مینڈیٹ کے ساتھ جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس سے ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، کیونکہ عوام کا پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ ہونے کے باوجود یہاں کے عوام نے پارٹی کا ساتھ دیا، جس پر وہ عوام کے ساتھ ساتھ اپنی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے حکومت سازی کا موقع دیا۔

نومنتخب وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیامر میں پہلی بار پیپلز پارٹی کو اتنا بڑا مینڈیٹ ملا ہے اور وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے زمینی اور ہوائی سفر کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا کیونکہ گلگت بلتستان جیسا بہترین موسم اور ماحول دنیا میں کہیں اور موجود نہیں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US