وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت پاکستان کو اپنے پانی پر ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے، جسے ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا۔
اپنے بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پانی پاکستان کی بقا سے جڑا معاملہ ہے اور اس کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اس کا کوئی اخلاقی جواز موجود ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے اس اقدام سے اسے شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے توثیق شدہ ”ون واٹر، ون ویژن“ کے اصول کی صریح خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی آبی قوانین کی روح کے بھی منافی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی، سفارتی اور بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں اپنا مقدمہ پیش کرتا رہے گا۔