حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد افغان شہریوں کی واپسی کے لیے کارروائیوں میں تیزی

image

حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور مختلف علاقوں سے 50 سے زائد افغان شہریوں کو ہولڈنگ کیمپ منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ہولڈنگ کیمپوں سے مرحلہ وار افغانستان واپس بھیجا جائے گا، جبکہ کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم پی او آر (Proof of Registration) کارڈ ہولڈرز کے لیے 30 جون تک وطن واپسی کی مہلت مقرر کی تھی، جس کے اختتام کے بعد متعلقہ اداروں نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ 62 ہزار 659 افغان شہری پاکستان سے افغانستان واپس جا چکے ہیں، جن میں 40 ہزار 221 افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) ہولڈرز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق افغان شہریوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور سرحدی گزرگاہوں پر ان کی سہولت کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں غیر قانونی اور عارضی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے مرحلہ وار منصوبہ ترتیب دیا ہے، جس کے تحت مختلف کیٹیگریز میں شامل افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US