سینیٹ کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس، پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی منتقلی کا معاملہ ایف آئی اے کے سپرد

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس چیئرمین رانا محمود الحسن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2026، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ریگولیٹری فریم ورک، صارفین کی شکایات، مینجمنٹ پے اسکیلز، پرائس ڈیفرینشل کلیمز (PDCs) اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سعدیہ عباسی، امیر ولی الدین چشتی، محمد عبدالقادر شریک ہوئے، جبکہ سلیم مانڈوی والا نے آن لائن شرکت کی۔

کمیٹی نے گیس کے بل اور گیس لیکیج سے متعلق ایک صارف کی شکایت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جس میں اوگرا کی انکوائری نے گیس کمپنی کے مؤقف کی تائید کی تھی۔ ارکان نے بغیر بل موصول ہونے کے دعوے کے باوجود عدم ادائیگی پر گیس میٹر ہٹانے کے اقدام پر سوالات اٹھائے اور اوگرا کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر کیس کا جائزہ لے کر دو ہفتوں میں اس کا حل یقینی بنائیں۔

اجلاس میں سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2026 پر بھی غور کیا گیا۔ ارکان نے پانچ سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی ڈیپوٹیشنز اور جذب (Absorption) کی پالیسی سے متعلق سوالات اٹھائے۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ قواعد کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر حکومتی بل کی منظوری دے دی۔

مینجمنٹ، اسپیشل اور پراجیکٹ پے اسکیلز پر بریفنگ کے دوران کمیٹی نے نامکمل معلومات فراہم کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور طویل عرصے سے خالی اسامیوں پر سوالات اٹھائے۔ کمیٹی نے یہ معاملہ مؤخر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے بانڈڈ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی منتقلی کے الزامات پر بھی غور کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اپنے نظام کو ڈیجیٹل بنا رہا ہے اور مالی نقصانات کے تعین کے لیے آڈٹ کر رہا ہے، جبکہ اوگرا نے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ کو تحقیقات کے لیے بھجوا دیا ہے۔ کمیٹی نے غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ڈیجیٹل نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

پرائس ڈیفرینشل کلیمز (PDCs) کے بقایاجات پر غور کرتے ہوئے کمیٹی نے حالیہ ایران۔امریکا کشیدگی کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو سراہا۔ او ایم سیز کے نمائندوں نے ادائیگیوں میں تاخیر اور دستاویزی تقاضوں پر تحفظات کا اظہار کیا، جس پر چیئرمین اوگرا نے صنعت کے ساتھ مشاورت کی یقین دہانی کرائی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ بقایا مسائل جلد حل کیے جائیں اور تاخیر سے ہونے والی ادائیگیوں پر حاصل ہونے والا منافع بھی او ایم سیز کو دیا جائے۔

اجلاس میں پیٹرول پمپوں پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی وابستگی راتوں رات تبدیل کیے جانے کے معاملات کا بھی نوٹس لیا گیا۔ کمیٹی نے اوگرا کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے جامع ریگولیٹری پالیسی مرتب کی جائے۔

اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے اسلام آباد میں حالیہ واقعے میں شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US