نادرا نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جووینائل کارڈ کے اجرا کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا جس کے تحت والدین یا قانونی سرپرست مقررہ مراحل مکمل کرکے اپنے بچوں کا شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کے حصول کے لیے سب سے پہلے بچے کی نادرا میں رجسٹریشن کرانا ضروری ہے جس کے بعد درخواست گزار کو ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں کاؤنٹر پر بچے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات محفوظ کیے جائیں گے، جبکہ والدین یا قانونی سرپرست کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
ترجمان نادرا کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق کے بعد بچے کا تمام کوائف سسٹم میں درج کیا جائے گا جس کی اپروول آفیسر کی جانب سے جانچ پڑتال اور تصدیق کی جائے گی۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد مقررہ فیس آن لائن جمع کرائی جائے گی، جس کے بعد طے شدہ مدت کے اندر جووینائل کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔