الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے عام انتخابات 2026 کے لیے تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرتے ہوئے حلقہ وار حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے والے امیدواروں کو بھی مقررہ ضابطے کے تحت انتخابی نشانات جاری کیے گئے ہیں۔ جاری کردہ فہرست میں آزاد جموں و کشمیر کے تمام 45 انتخابی حلقوں کے امیدواروں کی مکمل تفصیلات اور ان کے انتخابی نشانات شامل ہیں۔
حتمی فہرست کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، جو آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں کو انتخابی نشان سائیکل الاٹ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2026 میں مجموعی طور پر 846 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جنہیں انتخابی ضابطہ کار کے مطابق انتخابی نشانات جاری کر دیے گئے ہیں۔
انتخابی نشانات کے اجرا کے بعد امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم مزید تیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی انتخابی نشانات سمیت حتمی فہرست اپنی ویب سائٹ اور متعلقہ دفاتر میں عوامی آگاہی کے لیے بھی آویزاں کر دی ہے۔