وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد میں گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل سے متعلق فتنہ الخوارج کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کے دعوے کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے محض تشہیر حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دعوؤں کا کوئی اعتبار نہیں، اور یہ عناصر ہر واقعے کا کریڈٹ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعید نہیں کہ مستقبل میں یہ عام جرائم، چوری اور ڈکیتی جیسے واقعات کی ذمہ داری لینے کے دعوے بھی کرنے لگیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کا مقصد صرف اپنے لیے تشہیر حاصل کرنا ہے، جبکہ حقیقت، اخلاقی اقدار اور ذمہ داری سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔