وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ (Polio Oversight Board) کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں انسدادِ پولیو مہم، پاکستان میں پیش رفت اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیویلپمنٹ کرس ایلائیس، ڈبلیو ایچ او مشرقِ وسطیٰ ریجن (WHO EMRO) کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی (GAVI) اور پاکستان میں انسدادِ پولیو کے دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ حکومت کی اہم قومی ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششوں کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ دینے اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارۂ صحت (WHO)، یونیسیف، کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر، امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) اور دیگر شراکت داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وفاقی وزیرِ قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق، نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر وفد نے پولیو فری پاکستان کے لیے حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔