وزیراعظم شہباز شریف کا عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر خراج عقیدت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معروف فلاحی و سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمتِ خلق کی داعی شخصیت قوم کے لیے باعثِ فخر اور ایک عظیم قومی اثاثہ ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی گراں قدر قومی و فلاحی خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا غیر معمولی حصہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رفاہِ عامہ کے جذبے سے سرشار عبدالستار ایدھی نے معاشرتی مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا اور عملی خدمت کے ذریعے انسانیت کی بے مثال مثال قائم کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، جنہوں نے ثابت کیا کہ ہر فرد اپنے حصے کا تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے معاشرتی اصلاح اور انسانیت کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات نے معاشرے میں احساس، رواداری، ہمدردی اور باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی اور آنے والی نسلیں بھی ان کے انسان دوستی کے پیغام سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US