حکومتِ پاکستان کی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے دعویٰ کیا ہے کہ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے گزشتہ دو برس کے دوران نمایاں مالیاتی بہتری حاصل کرتے ہوئے 36 ارب روپے کے خسارے سے نکل کر 1.05 ارب روپے کا منافع حاصل کرلیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیرِ پاور سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں میپکو نے 37 ارب روپے سے زائد کا مالیاتی ٹرن اراؤنڈ حاصل کیا، جو بجلی کے شعبے میں اصلاحات کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران میپکو کے لائن لاسز میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو 15.2 فیصد سے کم ہو کر 11.9 فیصد رہ گئے، جبکہ کمپنی کی ریکوری کی شرح 98.6 فیصد سے بڑھ کر 100.8 فیصد تک پہنچ گئی۔
پاور ڈویژن کے مطابق مؤثر بلنگ، بجلی چوری کی روک تھام، جامع اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے میپکو کی مالی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آزاد اور خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز، مؤثر نگرانی، آٹومیشن اور شفاف نظامِ کار کی بدولت کمپنی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ میپکو کی کامیابی ایک قابلِ تقلید اصلاحاتی ماڈل ہے اور آزادانہ فیصلہ سازی، شفافیت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کا یہی ماڈل دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔