وزیراعظم کا گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے کا جائزہ، شفافیت اور بروقت تکمیل کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر پیش رفت اور آئندہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماحول دوست، صاف، سستی اور پائیدار توانائی کا فروغ قومی توانائی پالیسی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے وہاں کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔

وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سولر منصوبے کی خریداری کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے، جبکہ تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق (تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن) کے بعد ہی کی جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کی 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری اسٹوریج سمیت 18 میگاواٹ کے سولر سسٹمز دسمبر 2026 تک نصب کردیے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق 82 میگاواٹ یوٹیلٹی اسکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک (ECNEC) کو ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی کا معیار بہتر ہوگا اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US