پاکستان اور چین کا انسدادِ دہشتگردی اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

image

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر مملکت برائے داخلہ اور اسپیشل سروس بیورو کے سربراہ لنگ ژیفینگ سے ملاقات کی، جس میں انسدادِ دہشت گردی، داخلی سلامتی اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے داخلی سلامتی کے امور میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے بارڈر مینجمنٹ، غیر قانونی امیگریشن اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کو ہر سطح پر روکنا ناگزیر ہے اور دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

محسن نقوی نے چینی وفد کو بتایا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔

اس موقع پر چین کے وزیر مملکت برائے داخلہ لنگ ژیفینگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مؤثر خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

چینی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ویزا اور امیگریشن سے متعلق امور کا بھی مشترکہ طور پر جائزہ لیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US