مظفرگڑھ میں ایک شہری اس وقت پریشان ہوگیا جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے نام پر رجسٹرڈ موٹرسائیکل کے ہیلمٹ نہ پہننے پر 105 چالان ہوچکے ہیں، جن کی مجموعی رقم 2 لاکھ 10 ہزار روپے بنتی ہے۔
مظفرگڑھ کے شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے دسمبر 2024 میں بغیر رجسٹریشن والی موٹرسائیکل ایک شو روم پر فروخت کردی تھی، تاہم شو روم مالک نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے موٹرسائیکل کی رجسٹریشن اس کے نام پر کرادی۔
شہری کے مطابق اگست 2025 سے اب تک موٹرسائیکل کے ہیلمٹ نہ پہننے پر اس کے نام پر 105 چالان کیے جاچکے ہیں، جن کی رقم 2 لاکھ 10 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
شہری کا کہنا ہے کہ چالان موصول ہونے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل اب بھی اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ اس نے غیر قانونی طور پر رجسٹریشن کرانے پر شو روم مالک کے خلاف درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔
پولیس کے مطابق شہری کی درخواست پر معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، جس کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔