میٹرو بس سروس استعمال کرنے والی خواتین کے لیے حکومتِ پنجاب نے اہم اقدام کرتے ہوئے خواتین کے لیے خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد رش کے اوقات میں خواتین کو محفوظ، آرام دہ اور ہراسگی سے پاک سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے مطابق میٹرو بس سروس میں خواتین کے لیے پانچ خصوصی بسیں مختص کردی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے عارضی طور پر پانچ سپیڈو بسوں کو میٹرو ٹریک پر آپریشنل کیا گیا ہے تاکہ خواتین مسافروں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جاسکے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ خواتین کو رش کے دوران ہراسگی سے محفوظ رکھنے اور انہیں باوقار سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے اضافی بسیں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو بس فلیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بلال اکبر خان کے مطابق مستقبل قریب میں سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر خواتین کے لیے مستقل بنیادوں پر مختص کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا محفوظ سفر وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔