گوگل نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کے آغاز کے موقع پر پاکستانی طلبہ کے لیے بڑا اعلان کردیا، جس کے تحت طلبہ کو گوگل ’جیمنائی پلس‘ کی سبسکرپشن ایک سال کے لیے مفت فراہم کی جائے گی، تاہم اس سہولت کے لیے رجسٹریشن اور اہلیت کا حتمی طریقہ کار تاحال سامنے نہیں آیا۔
پاکستان میں گوگل کے باقاعدہ دفتر کے آغاز کے موقع پر گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ملک کے ساتھ وابستگی جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پاکستان میں مقامی دفتر کا افتتاح اس طویل سفر میں ایک اہم موقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گوگل کے پاکستان آفس کی بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں گوگل کے باقاعدہ آپریشنز کے آغاز کو ملک کے ڈیجیٹل سفر اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
تقریب کے دوران ولسن ایل وائٹ نے پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق طلبہ یہ سہولت مفت حاصل کرسکیں گے، جس سے انہیں جدید مصنوعی ذہانت کی مدد سے پڑھائی اور تحقیقی کاموں میں سہولت ملے گی۔
تاہم سب سے اہم سوال یہ ہے کہ پاکستانی طلبہ اس مفت سبسکرپشن کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں گے۔ فی الحال اس حوالے سے حتمی طریقہ کار سامنے نہیں آیا۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے میڈیا کوآرڈینیٹر سعد قیصر خان نے بتایا کہ گوگل جیمنائی پلس کی مفت سبسکرپشن سے متعلق مزید تفصیلات رواں ہفتے جاری کی جائیں گی۔
سعد قیصر خان کے مطابق پاکستان میں گوگل کے باضابطہ آپریشنز شروع ہونے سے ملک کی آئی ٹی انڈسٹری کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے اسٹارٹ اپس کے لیے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
گزشتہ سال پاکستان میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے گوگل کا اے آئی پرو پلان متعارف کرایا گیا تھا، جس کے لیے اہل یونیورسٹیوں کی فہرست بھی جاری کی گئی تھی۔
اس وقت طلبہ کے لیے ضروری تھا کہ وہ کسی اہل یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہوں۔ اسی طرح ممکن ہے کہ نئی پیشکش حاصل کرنے کے لیے بھی طلبہ کے پاس فعال گوگل اکاؤنٹ ہو اور وہ پاکستان کی کسی اہل یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم حاصل کر رہے ہوں۔
ممکنہ طور پر طلبہ کو اپنی تعلیمی حیثیت ثابت کرنے کے لیے یونیورسٹی کی ای میل، اسٹوڈنٹ کارڈ یا کسی دوسرے ذریعے سے تصدیق بھی کرانا پڑسکتی ہے، تاہم یہ گزشتہ سال کی پیشکش کی بنیاد پر محض ممکنہ طریقہ کار ہے۔
گوگل نے تاحال موجودہ مفت جیمنائی سبسکرپشن کے لیے حتمی شرائط، اہل یونیورسٹیوں کی فہرست یا رجسٹریشن کا طریقہ باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا۔
پاکستان میں اس وقت گوگل جیمنائی پلس کی سبسکرپشن کی قیمت 850 روپے ماہانہ بتائی جاتی ہے۔ اس حساب سے ایک سال کی سبسکرپشن تقریباً 10 ہزار 200 روپے بنتی ہے۔ اعلان کردہ مفت سہولت ایک سال کے لیے دستیاب ہونے کی صورت میں اہل طلبہ کو تقریباً 10 ہزار روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔
طلبہ کے لیے فی الحال بہتر ہے کہ وہ گوگل کی جانب سے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں اور کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا لنک پر اپنی گوگل یا یونیورسٹی سے متعلق معلومات فراہم نہ کریں۔ رجسٹریشن کا اصل طریقہ اور اہلیت کی شرائط گوگل کی جانب سے جاری ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گی۔