وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ضروری ہے، حکومت ایس ایم ایز (چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار) کو سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں برآمدات کے فروغ، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، ایس ایم ایز کو مالی سہولتوں کی فراہمی اور کاروباری پالیسیوں میں تسلسل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات کو ملکی معاشی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، کاروباری اداروں کو علاقائی اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے سازگار پالیسی ماحول، آسان ضابطہ کار اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔
ملاقات میں ایس ایم ایز کو قرضوں تک رسائی، کاروباری سرگرمیوں میں توسیع، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس اور ریگولیٹری پالیسیاں پیداواری معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے میں معاون ہونی چاہئیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس پالیسی آفس کے ذریعے نجی شعبے سے مسلسل مشاورت اور درمیانی مدت کا ٹیکس پالیسی فریم ورک مرتب کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو پالیسیوں میں استحکام اور تسلسل حاصل ہو اور وہ طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلے کر سکیں۔
لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے ایس ایم ایز کے فروغ، کاروباری اداروں کو مالی وسائل کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کے لیے چیمبرز آف کامرس سے مسلسل مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، وفاقی سیکریٹری خزانہ اور ایف بی آر سمیت وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔