اسپیس ایکس راکٹ چاند سے ٹکرا گیا، ناسا نے گڑھے کی واضح تصاویر جاری کردیں

image

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اسپیس ایکس کے راکٹ کے چاند کی سطح سے ٹکرانے کے نتیجے میں بننے والے گڑھے کی نئی اور تفصیلی تصاویر جاری کردی ہیں۔

ناسا کے مطابق اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کا بالائی حصہ 5 اگست 2026 کو تقریباً 8 ہزار 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چاند کی سطح سے ٹکرایا۔ یہ راکٹ جنوری 2025 میں خلا میں بھیجا گیا تھا اور ایک سال سے زائد عرصے تک خلا میں گردش کرتا رہا۔

راکٹ 2025 میں دو نجی قمری مشنز اور ایک چھوٹے روور کو چاند کی جانب روانہ کرنے والی مہم کا حصہ تھا، جسے چاند کی تحقیق میں نجی کمپنیوں کے کردار کو وسعت دینے کی کوششوں سے منسلک کیا گیا تھا۔

ناسا کی جاری کردہ تصاویر میں راکٹ ٹکرانے سے پہلے اور بعد میں متعلقہ مقام کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق ٹکراؤ کے نتیجے میں بننے والا گڑھا تقریباً 60 فٹ چوڑا جبکہ اس کی گہرائی 10 فٹ سے کم ہے۔

تصاویر میں گڑھے کے اطراف چاند کی سطح پر روشن اور گہرے رنگ کی لکیریں بھی نمایاں ہیں، جنہیں ماہرین ٹکراؤ کے نتیجے میں اڑنے والے ملبے اور چاند کی مٹی کے پھیلاؤ سے جوڑ رہے ہیں۔

ناسا کا کہنا ہے کہ نئی تصاویر چاند کی سطح پر غیر ارادی خلائی ملبے کے ٹکراؤ کے اثرات کو سمجھنے میں سائنس دانوں کیلیے اہم معلومات فراہم کریں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US