گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم ویب براؤزر میں اپنے جدید جیمنائی اے آئی فیچرز کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد موبائل براؤزنگ کو ایک متحرک ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں تبدیل کرنا ہے۔ کمپنی نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ یہ فیچرز فی الحال امریکا میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں، جو اس سے قبل صرف ڈیسک ٹاپ ورژن تک محدود تھے۔
ان نئے فیچرز کی بدولت صارفین اب کسی بھی ویب پیج کا فوری خلاصہ (AI Summaries) حاصل کر سکیں گے اور مواد سے متعلق براہ راست سوالات بھی پوچھ سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ گوگل نے جی میل، گوگل کیپ اور کیلنڈر کو بھی کروم کے ساتھ جوڑ دیا ہے تاکہ روزمرہ کے امور ایک ہی جگہ انجام دیے جا سکیں۔
تصویر کشی اور ایڈٹنگ کے لیے "گوگل نانو بنانا" ٹول کو کروم کا حصہ بنایا گیا ہے، جس کی مدد سے نیا آرٹ ورک تیار کرنے اور ویب پیج کے متن کو تصاویر میں بدلنے کی سہولت ملے گی۔ مزید برآں، پیچیدہ آن لائن کاموں کی خودکار انجام دہی کے لیے "آٹو براؤز" نامی ایک اے آئی ایجنٹ سسٹم بھی پیش کیا گیا ہے، جو فی الحال صرف گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کو میسر ہوگا۔