ایپل کی جانب سے متوقع آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی حتمی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میموری، اسٹوریج اور نئی چِپ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ایپل اپنے نئے فلیگ شپ فونز کی قیمتوں میں اضافہ کرسکتا ہے۔ حالیہ اندازوں کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر یعنی پاکستانی روپے میں تقریباً 3 لاکھ 33 ہزار روپے ہوسکتی ہے جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1299 ڈالر یعنی تقریباً 3 لاکھ 61 ہزار روپے سے شروع ہونے کا امکان ہے تاہم پاکستان میں حتمی قیمت ٹیکسز، درآمدی ڈیوٹیز ، پی ٹی اے اخراجات اور دیگر عوامل کے باعث مختلف ہوسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو کی موجودہ آئی فون 17 پرو کے مقابلے میں قیمت بڑھنے کی صورت میں تقریباً 100 ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
تاہم دیگر حالیہ اندازوں میں آئی فون 18 پرو کی قیمت 1349 سے 1399 ڈالر تک بتائی گئی ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً 3 لاکھ 75 ہزار سے 3 لاکھ 89 ہزار روپے بنتی ہے۔ پرو میکس کی قیمت 1449 سے 1499 ڈالر تک پہنچنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً 4 لاکھ 3 ہزار سے 4 لاکھ 16 ہزار روپے بنتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قیمت میں اضافے کی بڑی وجوہات میں RAM، NAND اسٹوریج اور A20 Pro چِپ کی بڑھتی ہوئی لاگت شامل ہے۔