بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ اور پشین میں دو مختلف آپریشنز کے دوران کمانڈر سمیت 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا کارروائی میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ سیکیورٹی فورسز و شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔