وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
راولپنڈی میں مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار، شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک مجموعی طور پر 13.55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ اسلام آباد کے سیدپور میں 6، گولڑہ میں 18، بوکڑہ میں 15 اور پی ایم ڈی میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح راولپنڈی کے شمس آباد میں 18، کچہری میں 3، پیرودہائی میں 16 اور کٹاریاں میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا، تاہم کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 4 فٹ ریکارڈ کی گئی۔