الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں رجسٹرڈ 161 سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی، جس میں جماعتوں کے سربراہان اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی فہرست میں رجسٹرڈ جماعت کے طور پر شامل نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف فہرست میں 79ویں نمبر پر موجود ہے، تاہم اس کے ساتھ سربراہ کا نام درج نہیں۔
ریکارڈ کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ہیں، جبکہ ایاز لطیف پلیجو کی قومی عوامی تحریک 89ویں نمبر پر درج ہے۔ تحریک لبیک پاکستان فہرست میں 97ویں نمبر پر رجسٹرڈ ہے، تاہم اس کے سربراہ کا نام درج نہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیر پگارا سید صبغت اللہ شاہ راشدی کے نام سے مسلم لیگ فنکشنل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سمیت دو جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔ فہرست میں دیگر سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور سربراہان سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔