اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی سے ملاقات

image

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ پولیس کے تحت مختلف امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان نے عالمی امن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور امداد پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے موقع پر اسپیشل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US