وزیراعظم سے بحرین کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

image

وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرینی وزیر خارجہ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات دیرینہ، برادرانہ اور باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے اپنی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنے کے بحرین کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

بحرینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US