پاکستان پوسٹ میں مبینہ بے ضابطگیاں: سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو نیب اور FIA کے نوٹسز جاری

image

نیب اور ایف آئی اے نے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر طلب کرلیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے انہیں 10 نومبر کو صبح 11 بجے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے، جس میں ان کے دورِ وزارت (2022 تا 2023) کے دوران پاکستان پوسٹ آفس میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا ذکر ہے۔

نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 3,938 اسامیوں کی اجازت دی تھی لیکن 4,252 افراد کو بھرتی کیا گیا، جبکہ کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے برعکس 2,646 ختم شدہ اسامیوں پر بھی بھرتیاں کی گئیں۔

اس کے علاوہ، کنٹریکٹ بنیادوں کے برعکس مستقل تقرریاں کرنے، جعلی دستاویزات، زائد العمر امیدواروں کو شامل کرنے اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب، ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی پاکستان پوسٹ آفس میں سنگین بے ضابطگیوں اور مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں اسعد محمود کو 2 نومبر کو صبح 11 بجے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US