وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا کی صورتحال، ممکنہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے سمیت دیگر سیاسی امور بھی زیرِ غور آئے۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عشائیے میں وفاقی وزراء امیر مقام، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ شریک ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عشائیے سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال، ممکنہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
عشائیے اور اجلاس کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔