رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں 300 سے زائد مرد، خواتین، بچوں اور بزرگوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ میں ماہر طبی عملے نے مریضوں کا چیک اَپ کرنے کے ساتھ انہیں ضروری ادویات، طبی مشاورت اور صحت سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ نے اپنی صحت سے متعلق مسائل سے طبی ماہرین کو آگاہ کیا اور مفت طبی سہولیات سے بھرپور استفادہ کیا۔
مقامی افراد نے پاک فوج کی جانب سے دور دراز اور مشکل علاقوں میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مشکل حالات میں بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتی ہے۔
اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا کہ کچے کے علاقے سمیت دیگر دور دراز علاقوں میں بھی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد مستقبل میں جاری رکھا جائے تاکہ غریب اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔